مسجد الحرام میں قدیم اذان کا ویڈیو وائرل

   

مکہ مکرمہ ۔کنگ عبدالعزیز اکیڈمی نے مسجد الحرام مکہ میں اذان کی قدیم ترین دستاویز جاری کی ہے۔ یہ 138 برس سے زیادہ پرانی ہے۔تفصیلات کے مطابق حرم شریف میں اذان 1302 مطابق 1885 عیسوی کو ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس کا سہرا ہالینڈ کے سیاح اور اسلامیات کے اسکالر گریسٹن ہینوب ہرگرونی کے سر جاتا ہے۔ آڈیوکا یہ ریکارڈ ہالینڈ کی لیڈن یونیورسٹی میں محفوظ ہے۔ ہالینڈ کے اسکالر سیاح نے ایک کتاب تصنیف کی تھی جس کا نام ہے مکہ 19 ویں صدی کے اواخر میں۔ہالینڈ کے سیاح نے اپنی اس کتاب میں سال مذکور کے دوران حرم شریف مکہ میں نماز کے دوران سورۃ الضحیٰ کی تلاوت اور اذانیں ریکارڈ کی تھیں۔انہوں نے اپنی کتاب میں مکہ اور جدہ کے اپنے مشاہدات اور تاثرات بھی قلم بند کئے ہیں۔ کتاب میں موذن حرم الریس کی تصاویربھی شامل کی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ آڈیو میں جو اذان محفوظ ہے وہ انہی کی آواز میں ہے۔ اس زمانے میں بیک وقت7 موذن سات میناروں سے اذان دیا کرتے تھے۔ ایسے عالم میں اذان کی ریکارڈنگ تھوڑا مشکل کام تھا۔تاہم ہالینڈ کے سیاح نے اذان کا جو آڈیو ریکارڈ محفوظ کروایا تھا اس میں آواز صاف ہے جس سے ایسا لگتا ہے کہ وہ حرم شریف میں نمازوں کے لئے دی جانے والی اذان کی ریکارڈنگ نہیں بلکہ موذن نے خاص طور پر اسکالر کے لئے اذان ریکارڈ کی ہو۔