مسجد الحرام میں مخصوص پائے دانوں کی سینیٹائزنگ

,

   

مکہ مکرمہ ۔مسجد الحرام و مسجد نبوی ﷺکی جنرل پریذیڈینسی نے مسجد الحرام میں رہ داریوں میں بچھائے جانے والے پلاسٹک کے مخصوص پائیدانوں کی سنیٹائزنگ کا عمل تیز کردیاہے۔زائرین کو کورونا وائرس سے ممکنہ حد تک بچانے کی خاطر پائے دانوں کی صفائی اور انہیں سینیٹائز کرنے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق انتظامیہ کے ماتحت قالینوں اور صفائی کے ادارے کے انچارج جابر ودعانی نے کہا ہے کہ حرم شریف میں پلاسٹک کے پائے دانوں سے زائرین خصوصاً بزرگوں اور چلنے پھرنے میں مشکلات سے دوچار افرادکو مدد ملتی ہے۔ان پائے دانوں سے پیروں کے نچلے حصے محفوظ رہتے ہیں۔ مخصوص پائیدانوں کی وجہ سے زائرین پھسلنے سے بھی محفوظ رہتے ہیں جبکہ یہ بدبو وغیرہ سے بھی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ودعانی نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے حرم شریف کی تمام راہداریوں میں مخصوص پلاسٹک پائے دان بچھائے ہوئے ہے۔خصوصاً شاہ فہد والے توسیعی حصے میں پائے دانوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔مطاف سمیت حرم شریف کے تمام صحنوں میں پائے دان بچھائے گئے ہیں۔ ہرپائے دان کی لمبائی 12 میٹراور چوڑائی50 سے 100 سینٹی میٹر کے لگ بھگ ہے۔