مسجد الحرام میں ’مطاف‘ کھولنے کا شاہی فرمان جاری

,

   

عمرہ نہ کرنے والوں کو طواف کی اجازت
حرم شریف میں داخلہ پر پابندی شریعت کے مطابق : السدیس
ریاض ۔ 7 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام )مسجد الحرام اور مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کے مطابق ’خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہفتے کی صبح سے عمرہ ادا نہ کرنے والوں کے لیے ’مطاف‘ کھولنے کی اجازت دینے کا شاہی فرمان جاری کیا ہے۔‘ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے رات دیرگئے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے تیار کردہ منصوبے کے مطابق عمرہ ادا نہ کرنے والوں کیلئے مطاف کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔‘ بیان میں کہا گیا کہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے احتیاطی طریقہ کار اور مسجد الحرام کے کارکنوں کے ساتھ تعاون پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی قیادت شہریوں اور تارکین وطن کی سلامتی، تحفظ، آرام اور سکون کی آرزومند ہے۔ اسی دورانمکہ اور مدینہ میں زائرین کی تعداد کم ہوگئی۔ اخبار 24 کے مطابق قبل ازیں العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا تھا کہ ’خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عمرے پر عارضی پابندی برقرار رکھتے ہوئے خانہ کعبہ کے طواف سے متعلق نئی ہدایات جاری کی ہیں۔‘ انہوں نے واضح کیا تھا کہ ’شاہی ہدایت یہ ہے کہ ’مطاف‘ کو محدود پیمانے پر مرحلہ وار کھول دیا جائے۔ یہ اجازت ان لوگوں کے لیے ہے جو عمرے کی غرض سے مسجد الحرام نہ آئے ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ’عمرے پر پابندی کا فیصلہ اسلامی اور انسانی تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ یہ حکیمانہ فیصلہ ہے۔ اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے خانہ کعبہ کے اطراف کا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ زائرین کو نئے کورونا وائرس کے مہلک اثرات سے بچانے کی خاطر بند کیا گیا۔‘ یاد رہے کہ اس سے قبل مسجد الحرام اور مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا تھا کہ عشاء کی نماز ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق انتظامیہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ’ یہ فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے دونوں مقدس مساجد کی مسلسل صفائی اورفرض نمازوں سے خارج اوقات میں انہیں جراثیم سے پاک صاف رکھنے کی ضرورت کے پیش نظر کیا گیا۔‘انتظامیہ کے عہدیدار نے مزید بتایا تھا کہ ’جب تک عمرہ بند رہے گا تب تک خانہ کعبہ کے اطراف طواف والا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ بھی بند رکھا جائے گا۔ عمرے پر پابندی کے دوران نمازیں صرف مسجد کے اندر ہوں گی۔‘انتظامیہ کے عہدیدار نے توجہ دلائی کہ ’سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے عمرے پر پابندی کا فیصلہ مکہ مکرمہ شہر کے تمام باشندوں پربھی لاگو ہوگا۔ کسی بھی احرام پوش کو مسجد الحرام اور اس کے اطراف صحنوں میں داخل ہونے کی اجازت کسی بھی حالت میں نہیں دی جائے گی۔عبدالرحمان السدیس نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر حکومت کی طرف سے عمرہ کے مناسک پرعارضی پابندی کے فیصلے کے شریعت کے مطابق درست اقدام قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک وبائی بیماری سے انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی پہلی ذمہ داری ہے۔ بیماری کے پھیلائو کو روکنے کے لیے حکومت کا ہر اقدام شرعی حدود اور اسلامی اصولوں کے عین مطابق ہے۔