تحقیقات کے بعد ایف آئی آر درج کرنے کا تیقن
گزشتہ ایک ہفتہ سے تعمیری کاموں کا عدم آغاز
حیدرآباد ۔11۔اگست (سیاست نیوز) کمشنر پولیس سائبر آباد اسٹیفن رویندرا نے کانگریس قائدین کو تیقن دیا کہ شمس آباد کی مسجد خواجہ محمود کے انہدام کے سلسلہ میں تحقیقات کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کیا جائے گا ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے آرگنائزنگ سکریٹری عثمان محمد خان کی قیادت میں راجندر نگر میونسپلٹی کے کانگریس قائدین نریندر یادو ، شیکھر یادو، سنجے یادو اور جہانگیر باشا نے کمشنر پولیس سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت حوالے کی۔ قائدین نے کہا کہ ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود آج تک مسجد کے تعمیری کاموں کا آغاز نہیں ہوا ہے اور نہ ہی پولیس نے کوئی ایف آئی آر درج کی ۔ انہوں نے کہا کہ رات کی تاریکی میں مسجد کو شہید کرنے کے ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف کارروائی کیلئے ایف آئی آر درج ہونا چاہئے ۔ کمشنر پولیس نے اس معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کا تیقن دیا۔ کانگریس قائدین نے الزام عائد کیا کہ حکومت مسلمانوں کے جذبات کو ٹھنڈا کرنے کیلئے دوبارہ تعمیر کا ڈرامہ کر رہی ہے۔ گزشتہ جمعہ کو سنگ بنیاد کا اعلان کیا گیا لیکن آج تک کام شروع نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسجد کی دوبارہ تعمیر کے سلسلہ میں سنجیدہ نہیں ہے۔ مسجد کی اراضی کو پولیس نے گھیر لیا ہے اور صرف چار افراد کو نماز ادا کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ انہوں نے ہائی وے پر واقع مسجد نوری کی ملگیات کے انہدام کا حوالہ دیا اور کہا کہ ایک ہی علاقہ میں دو مساجد کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ اسی دوران پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود نے کانگریس قائدین کی نمائندگی پر چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ کو میمو جاری کیا اور مسجد نوری کے ایک حصہ کو منہدم کرنے کے معاملہ میں ضروری کارروائی کی ہدایت دی۔ر