مسجد کے ذریعہ 1250 راشن کٹس کی تقسیم

   

پہلے ٹوکن کی تقسیم پھر راشن کی حوالگی ۔ منظم انداز میں کام کی مثال
حیدرآباد 3 اپریل(سیاست نیوز) غرباکی ضرورتوں کی تکمیل کیلئے نظم و ضبط کے ساتھ راشن کی فراہمی عمل میں لائی جاتی ہے تو انہیں اس مشکل میں کافی راحت ہوسکتی ہے ۔محلہ واری اساس پر اگر مساجد سے اہل خیر کی جانب سے تقسیم کا اہتمام کیا جاتا ہے اور مساجد میں تقسیم کیلئے مستحقین کے انتخاب کو یقینی بنایاجاتا ہے تو اس کے کئی فائدہ ہوسکتے ہیں اور لوگوں کو دربہ در ٹھوکریں کھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔بیگم پیٹ میں واقع مسجد اندلوسی ‘ جامع مسجد اقبال الدولہ و ایوان بیگم پیٹ میں متولی جناب فیض خان کی جانب سے 1250 غریب خاندانوں کی نشاندہی کرکے انہیں پہلے ٹوکن تقسیم کئے گئے اور جن لوگوں کو ٹوکن تقسیم کئے گئے انہیں مسجد طلب کرلے راشن کٹس حوالہ کئے گئے ہیں۔بتایاجاتاہے کہ دونوں شہروں میں مختلف تنظیموں و افراد کی جانب سے غریبوں کی مدد کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن کہا جارہا ہے کہ گھروں تک پہنچانے کے علاوہ مسجد کے ذریعہ منظم تقسیم کو یقینی بنایاجاسکتا ہے۔مسجد ایوان بیگم پیٹ میں اطراف کے غریبوں میںراشن کی تقسیم کے سلسلہ میں اقدامات کے سلسلہ میں مقامی عوام کی جانب سے نشاندہی کے بعد انہیں مسجد کے ذریعہ راشن کی تقسیم عمل میں لائی گئی جس کے ذریعہ 1250 غریب خاندانوں کو راحت ملی ۔ اس تقسیم کے موقع پر متولی جناب فیض خان‘بختیار خان‘ سلطان الدین خان کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس مسٹر پی نریش ریڈی‘انسپکٹر بیگم پیٹ پولیس اسٹیشن مسٹر سرینواس راؤ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔