مسلمانوں کو حصول علم اور خدمت خلق کے ذریعہ معاشرہ میں مقام بنانا ہوگا

   

فیض عام ٹرسٹ، ہلپنگ ہینڈ اور کپڑا بنک کے والینٹرس کی تہنیتی تقریب، ایڈیٹر ’’سیاست‘‘ کا خطاب

حیدرآباد ۔ 15جنوری ( سیاست نیوز) ایک ایسا زمانہ بھی گذرا ہے جب کسی مظلوم ، کسی غریب ، کسی بیمار ، کسی بے بس و مجبور کی کوئی مدد کرتا تو کہنے والے یہی کہتے تھے کہ جس کسی نے بھی مدد کی ہے وہ یقیناً مسلمان ہوگا اور یہ حقیقت بھی تھی ۔ دین اسلام میں خدمت خلق پر بہت زور دیا گیا ہے لیکن افسوس کے آج ہم نے شائد خود کو ان تعلیمات سے دور کرلیا ہے ، ورنہ آج اسپتالوں ، یتیم خانوں ، بیت المعمرین میں مسلمان ہی مدد کرتے دکھائی دیتے ۔ اللہ عزو جل اپنے خاص بندوں کو ہی اپنی مخلوق کی مدد کا اعزاز عطا کرتا ہے ۔ ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں کچھ ایسی تنظیمیں ، ادارے اور جماعتیں اور کچھ ایسی شخصیتیں ہیں جو خدمت خلق سے متعلق دین اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ ایسے اداروں اور شخصیتوں میں روزنامہ ’’سیاست‘‘ کے تحت چلنے والا ملت ریلیف فنڈ ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ نمایاں ہیں جبکہ ان اداروں کے ذمہ دار ایڈیٹر ’’سیاست‘‘ جناب زاہد علی خان ، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ افتخار حسین اور منیجنگ ٹرسٹی ہیلپنگ ہینڈ پروفیسر ڈاکٹر شوکت علی مرزا خدمت خلق میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں ۔ یہ ایسی شخصیتیں ہیں جو ریاکاری سے دور رہتی ہیں ، انہیں صرف خدمت خلق سے واسطہ ہے ،شہرت سے نہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ شدید سردی میں جبکہ بے گھر و بے آسرا مرد و خواتین اور بچے فٹ پاتھوں ، ہوٹلوں و دکانات کے سامنے چبوتروں ، پارکس اور بس و ریلوے اسٹیشنوں کے باہر سونے کی ناکام کوششوں میں مصروف تھے ، فیض عام ٹرسٹ ، ہیلپنگ ہینڈ اور سیاست نے سردی سے پریشان ان مجبور انسانوں میں 1500سے زائد اعلیٰ معیاری بلانکٹس تقسیم کئے ۔ ان بلانکٹس کی تقسیم نہ صرف دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں عمل میں آئی بلکہ اضلاع میں بھی بلانکٹس کی تقسیم کی مہم چلائی گئی ۔ سیاست فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈس کی جانب سے عابد علی خان آئی اسپتال دارالشفاء میں چلائے جارہے کپڑا بنک سے بھی بے شمار خاندانوں میں گرم ملبوسات کی تقسیم عمل میں آئی ۔ اس کارخیر میں ایسے نیک دل نوجوانوں نے حصہ لیا جن کا کپڑا بنک سے کوئی بالواسطہ تعلق نہیں تھا ، ان نوجوانوں نے بلانکٹس کی تقسیم میں کپڑا بنک سے تعاون کیا ۔ چنانچہ ایسے والینٹرس کی ستائش و حوصلہ افزائی کی خاطر ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کرتے ہوئے نہ صرف ان کی شال پوشی کی گئی بلکہ سرٹیفیکٹس بھی پیش کئے گئے ۔ ان والینٹرس کا تعلق نہ صرف حیدرآباد بلکہ بیرون شہر و بیرون ملک سے بھی ہے ۔ پروفیسر ایس ایس فاطمہ پرنسپل کالج آف انجنیئرنگ عثمانیہ یونیورسٹی ،جناب علی عابدی مقیم لندن ، جناب حیدر علی کی موجودگی میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان کے ہاتھوں ان والینٹرس میں توصیف ناموں کی تقسیم عمل میں آئی ۔ ان والینٹرس میں فیض عام ٹرسٹ سید عبدالستار ، اعظم خان ، سید منیر الدین قادری ، محمد یسین ، میر اعظم علی ، سید معز قادری ، روزینا ، سنجپانی کے علاوہ کپڑا بنک کے شیخ اکرم ، اے فاطمہ ، تبسم فاطمہ ، ساحل انصاری ، محمد رضوان حسین ، محمد الطاف خان کے ساتھ ساتھ ہیلپنگ ہینڈ کے حسن علی مرزا شامل ہیں ۔ اس موقع پر ایڈیٹر ’’سیاست‘‘ جناب زاہد علی خان نے کہا کہ مسلمانوں کو معاشرہ میں تعلیم اور خدمت خلق کے ذریعہ مقام بنانا ہوگا ۔ خدمت خلق مسلمانوں کا شیوہ رہا ہے ۔ دکھتی بلکتی انسانیت کی مدد میں مسلمان ہمیشہ آگے رہے ہیں ۔ آخر میں ڈاکٹر شوکت علی مرزا نے شکریہ ادا کیا ۔