مسلمانوں کیلئے چین کی دوہری پالیسی شرمناک : پومپیو

   

واشنگٹن، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے مسلمانوں کیلئے دوہری پالیسی اپنانے پر چین پر سخت تنقید کی۔ مسٹر پومپیو نے چین کی حراست میں رہ چکے ایغور مسلمانوں اور ان کے رشتہ داروں کے حالات کے بارے میں جاننے کے بعد کہا کہ چین مسلمانوں کو لے کر دوہری پالیسی اپنا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین ایک طرف اگر مسلمانوں کو ہراساں کر رہا ہے تو وہیں دوسری طرف پاکستان کی دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر کو اقوام متحدہ میں بچانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ مسعود اظہر وہی دہشت گرد ہے جس نے جموں و کشمیر کے پلوامہ حملے کی ذمہ داری لی تھی۔ پومپیو نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ چین کو من مانے طریقے سے حراست میں رکھے گئے تمام مسلمانوں کو رہا اور ا ن کے خلاف ظلم وستم کو ختم کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مسلمانوں کیلئے چین کے شرمناک نفاق کو برداشت نہیں کر سکتی ۔