ناقابل ضمانت دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے راشد خاں کی درخواست
حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) اتر پردیش میں مہنت بجرنگ منی داس کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی سے متعلق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مسلمانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ متنازعہ مہنت نے مسلم عبادت گاہ کے روبرو پہنچ کر مسلمانوں کو دھمکیاں دی تھی اور خواتین کے ساتھ بدسلوکی سے متعلق اشتعال انگیز بیان جاری کیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حیدرآباد میں بھی مسلمانوں نے تشویش کا اظہار کیا۔ اسی دوران سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی محمد راشد خاں نے نامپلی پولیس اسٹیشن میں مہنت بجرنگ منی داس کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا میں مہنت کے متنازعہ ویڈیو سے سماج میں نفرت کے جذبات بھڑک سکتے ہیں۔ اتر پردیش حکام کی جانب سے متنازعہ شخص کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ راشد خاں نے متنازعہ مہنت کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے اور گرفتاری عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں نفرت پھیلانے کے لئے سنگین اور ناقابل ضمانت دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ مہنت بجرنگ نے اتر پردیش کے سیتا پور میں اپنی زہر افشانی کے ذریعہ ہندوستان کی عظیم روایات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ راشد خاں نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ نفرت کے پرچارکوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سماج کو فرقہ پرستی کے زہر سے بچایا جائے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں نام نہاد مہنتوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ حالیہ عرصہ میں کئی مہنتوں نے مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کی۔ راشد خاں نے کہا کہ بی جے پی کی سرپرستی میں یہ سرگرمیاں جاری ہیں تاکہ سیاسی فائدہ حاصل کیا جاسکے۔ر