مسلمان اگر چاہیں تو اقتدار ان کے قدموں میں ہوگا: آغامہدی

   

نئی دہلی : عالم اسلام اور مسلم ممالک کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے ایران کے اعلی رہنما آیت اللہ خامنہ ای کے ہندوستان میں نمائندہ حجتہ الاسلام مولانا آغا مہدی مہدوی پوری نے کہا کہ مسلمان اگرچاہیں تو اقتدار ان کے قدموں میں ہوگا۔ یہ بات انہوں نے آل انڈیا تنظیم علمائے حق کے دفتر میں منعقدہ ‘اکابر دیوبند جلد دوم’ کے رسم اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نظریاتی اختلافات ہوسکتے ہیں اور یہ دو ملک، دو فرقہ یا شیعہ سنی کے درمیان ہوسکتے ہیں لیکن فکری اختلافات کے باوجود انہیں ایک خاندان کا فرد سمجھا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ نظریاتی اور فکری اختلافات انسان کو غور و فکر کا مواقع فراہم کرتے ہیں نہ کہ انتشار و افتراق کا۔ آج امت مسلمہ کی دگرگوں حالت اس لئے ہے کیوں کہ ان کے یہاں انتشار بہت زیادہ ہے اور اس کا فائدہ دشمنان اسلام نے اٹھایا ہے ۔انہوں نے مولانا اعجازعرفی قاسمی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ وہ تحقیقی اور علمی کاموں کو فکر انقلاب کے ذریعہ منظر عام پر لا رہے ہیں اور اس کے ذریعہ انہوں نے اکابر دیوبند کی خدمات کونمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کے علماء کی قربانیوں کا تذکرہ بہت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ اس سے نئی نسل کو سیکھنے سمجھنے کا موقع ملے گا اور ان کو معلوم ہوگا کہ ان کا ماضی کتنا شاندار رہا ہے اور وہ اس پر فخر کرے گی۔