عامتہ المسلمین کو امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کی جانب سے عید الاضحی کی مبارکباد
حیدرآباد ۔ 9 جولائی (راست) مولانا حامدمحمدخان امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے ملت اسلامیہ کو عیدالاضحی کی پرخلوص مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضرات ابراہیم و اسمٰعیل ؑکی یاد کے ساتھ عامتہ المسلمین جذبہ قربانی کو بھی زندہ رکھیں اور اسوہ ابراہیمی ؑ کے مطابق زندگی گذارنے کا عہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ عیدقرباں محض کسی جانور کی قربانی کا نام نہیں ہے قربانی کے جانور کو ذبح کرنا ایک علامت ہے دراصل اپنے نفس کو قابو میں رکھنا،اپنی بے جا نفسانی خواہشات، بے جا رسومات اور نامعقول روایات پر چھری پھیرنا اصل قربانی ہے۔ مولانا نے کہا کہ حضرت ابراہیم ؑ نے جس طرح ’’اوّل المسلمین‘‘ کا اعلان کیا تھا اسی طرح آج ملت اسلامیہ کو چاہئے کہ موجودہ حالات میں ڈر اور خوف کی نفسیات سے باہر نکل کر جذبہ قربانی سے سرشار ہوں اور اپنے اندر اعتماد ویقین پیدا کریں اورمن چاہی زندگی کو چھوڑ کر رب چاہی زندگی اختیار کریں۔ عید قربان ہم سے یہی مطالبہ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کے جیسے کچھ حالات ہیں اس میں دین سے وابستگی شریعت کی پیروی اور ایمان پر پختگی وثابت قدمی بہت ضروری ہے۔مولانا نے کہا کہ حضرات ابراہیم واسمٰعیل ؑکی اطاعت خداوندی وقربانی کواللہ تعالیٰ نے اتنا پسند فرمایاکہ تاقیامت اس عمل کو یادگاربنادیا۔ عیدالاضحی محض خوشیوں کو بانٹنے کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ اطاعت رب اور رضائے الٰہی کے تئیں ہماری سنجیدگی، کوشش اور جائزہ واحتساب کا بھی موقع ہے۔ یہ موقع ہے کہ ہم اپنے جذبۂ قربانی، اخلاق، کردار،اعمال، معاملات اور رویہ کے علاوہ اقامت دین کی جدوجہد میں اپنے رول کا محاسبہ کریں۔ یہی عید قرباں کا پیغام ہے۔