حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے مسلم آئی اے ایس عہدیدار محمد امتیاز احمد نے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرلی ہے۔2009 بیاچ سے تعلق رکھنے والے امتیاز احمد نے حکومت آندھرا پردیش کے چیف سکریٹری کو مکتوب حوالے کرتے ہوئے رضاکارانہ سبکدوشی کی درخواست کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ امتیاز احمد نے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اطلاعات کے مطابق انہیں کرنول اسمبلی حلقہ سے وائی ایس آر کانگریس کے امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس کے بعض دیگر ذرائع نے لوک سبھا امیدوار بنائے جانے کا اشارہ دیا ہے۔ کرنول میں مسلمانوں کی قابل لحاظ آبادی ہے لہذا وائی ایس آر کانگریس پارٹی آئی اے ایس عہدیدار کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ سابق میں ریٹائرڈ آئی پی ایس شیخ محمد اقبال نے وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ قانون ساز کونسل کے رکن ہیں۔ 1