مسلم تحفظات کو 4 سے گھٹاکر 3 فیصد کرنے پر اسد اویسی خاموش کیوں؟

   


کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ کا سوال، پارلیمنٹ میں تائید اور باہر بی جے پی سے بی آر ایس کی نورا کشتی
حیدرآباد ۔23 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد ڈگ وجئے سنگھ نے صدر مجلس اسد اویسی سے سوال کیا کہ تلنگانہ میں مسلم تحفظات کو 4 سے گھٹاکر 3 فیصد کرنے پر وہ خاموش کیوں ہیں؟ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ وائی ایس آر حکومت نے متحدہ آندھراپردیش میں مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کئے تھے اور تحفظات پر عمل آوری سے ملازمتوں اور پیشہ ورانہ کورسس میں مسلمانوں کو کافی فائدہ ہوا۔ ہزاروں مسلمان پروفیشنل کورسس میں داخلہ حاصل کرپائے۔ تلنگانہ حکومت نے 4 فیصد تحفظات کو گھٹاکر 3 فیصد کردیا ہے لیکن اسد اویسی اس بارے میں خاموش ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس اہم مسئلہ پر اسد اویسی خاموش کیوں ہیں اور اس بارے میں بات کیوں نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 ء اسمبلی انتخابات کے منشور میں کے سی آر نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا تھا۔ یہ وعدہ آج تک پورا نہیں ہوا۔ باوجود اس کے مجلس ریاست میں کے سی آر کی تائید کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کیلئے مجلس مختلف ریاستوں میں مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں پر حملے ، جھوٹے مقدمات اور مسلمانوں کے مکانات پر بلڈوزر چلانے کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ باوجود اس کے بی جے پی کو جتانے کیلئے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینا ناقابل فہم ہے۔ر