مسلم خواتین کو روزگار سے مربوط کرنے کے اقدامات

   

سدی پیٹ میں میناریٹی گارمنٹس اینڈ ٹریننگ سنٹر کا افتتاح، ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کا خطاب

سدی پیٹ۔ 23 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر سدی پیٹ قادرپورہ میں عروج خواتین ادارہ کے تحت میناریٹی گارمینٹس اینڈ ٹریننگ سنٹر کا افتتاح بدست وزیر صحت و مالیات ٹی ہریش راؤ و صدر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ مستقر سدی پیٹ میں بیس لاکھ کی لاگت سے مسلم خواتین و لڑکیوں کیلئے گورنمنٹ گارمینٹس ٹریننگ سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا اس ٹریننگ سنٹر سے استفادہ کرتے ہوئے ٹریننگ مکمل ہونے پر خود مختار بنیں انھوں نے کہا کہ ان افراد کو روزگار سے مربوط کرنے کیلئے سدی پیٹ کے چھ اقلیتی اقامتی مدارس کے یونیفارم کی سلوائی کا گتہ دینے کا تیقن دیا تاکہ تربیت کے ساتھ روزگار کا موقع فراہم کیا جاسکے۔ مستقر سدی پیٹ میں طلباء و طالبات کیلئے مفت کمپیوٹر ٹریننگ سینٹر اردو اکیڈمی کے اشتراک سے چلائے جانیوالے مرکز کا افتتاح ل میں لایا گیا۔ ونیز انھوں نے کہا کہ تنظیم المساجد سدی پیٹ کمیٹی کے تحت تعمیر کردہ مدینہ فنکشن ہال کے کراکری سامان کی خاطر بیس لاکھ روپے کی رقم ادا کردی گئی ہے مزید باورچی خانہ و دیگر کاموں کی تزئین نو کی خاطر 25 لاکھ روپے دوران ماہ کے آخر تک منظوری کا تیقن بھی دیا ہے۔ عیدگاہ کیلئے سدی پیٹ کے نواحی علاقہ موضع تڑکا پلی میں واقع تنظیم المساجد سدی پیٹ کی تین ایکڑ آراضی عالیشان و خوبصورت عیدگاہ تعمیر کروانے کا ارادہ ظاہر کیا اور مسلمانوں کی تدفین کیلئے سدی پیٹ کے قرب و جوار والے کسی ایک مقام پر تین تا چار ایکڑ اراضی دلوانے کا تیقن بھی دیا ہے۔ صدر نشین اقلیتی مالیتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر مالیات و صحت ٹی ہریش راؤ کی کاوشوں کا نتیجہ ہیکہ آج مسلم اقلیتوں کیلئے ایک لاکھ روپے کی سبسیڈی لون مہیا۔ کررہی ہے جبکہ کانگریس حکومت سیکولرازم کے نام پر مسلمانوں کا ووٹ حاصل کرتی آرہی ہے۔ فاروق حسین سابق ایم ایل سی نے کہا کہ سدی پیٹ حلقہ ریاست بھر میں نمایاں حیثیت کا حامل حلقہ ہے یہاں ہر شعبہ حیات ترقی کی سمت گامزن ہے مسلمانوں کیلئے حیدرآباد کے بعد حج ہاوز کی تعمیر، اقبال مینار، شادی خانہ سب سے پہلے سدی پیٹ میں تعمیر عمل میں لائی گئی ہے۔ عروج خواتین ادراہ کے چیرمن شاکرہ بیگم نے استقبال کیا اور ریاست بھر میں سدی پیٹ کو فوقیت دینے پر حکومت تلنگانہ سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر چیرمن راج نرسوں و دیگر عوامی نمائندے موجود تھے۔