مسلم دنیا ایک نئے درد بھرے اور تکلیف دہ دور سے گزررہی ہے :اردغان

,

   

انقرہ : صدر ترکی رجب طیب اردغان نے کہا کہ مغربی جمہوری طاقتیں نسل پرستی ، آزادی اور صیہونیت کے آگے جھک گئی ہیں۔ رجب طیب اردغان نے ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا ایک نئے درد بھرے اور تکلیف دہ دور سے گزررہی ہے ۔ گزشتہ صدی کی دو بڑی عظیم جنگوں میں کروڑوں افراد کے مارے جانے کے بعد دنیا میں جمہوریت اور آزادی کی ایک شمع روشن ہوئی تھی لیکن نوآبادیاتی نظام میں تمام اخلاقی حدود کو پامال کردیا ۔ مغربی ممالک اپنے آپ کو جمہوریت اور آزادی کا چمپئین سمجھتے ہیں لیکن آج یہی ممالک نسل پرستی ، فاشرز اور صیہونیت کے سامنے سرجھکائے کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مختلف علاقوں سے سسے مزدوروں کو اپنے ممالک میں آنے کی اجازت دینے والے اب خانہ جنگی سے متاثرہ علاقوں کے مہاجرین اور پناہ گزینوں کیلئے اپنے دروازے بند کردیئے ہیں ۔ انہوں نے فرانس کے صدر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک ملک کا سربراہ آزادی اظہار خیال کی آڑ میں مسلمانوں کی سب سے معتبر ترین ہستی پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کررہا ہے ۔ مغربی دنیا کی تعصب پسندی عیاں ہوچکی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ ان ملکوں میں جمہوریت کہاں رہ گئی ہے ۔