مسلم پرسنل لا بورڈ کسی بھی جماعت کا حمایتی یا مخالف نہیں: مولانا مجددی

   

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے صاف لفظوں میں وضاحت کی کہ مسلم پرسنل لا بورڈ کبھی کسی سیاسی جماعت کی مخالفت یا حمایت نہیں کرتا۔ یہ وضاحت بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بورڈ کے نائب صدر پرو فیسر ڈاکٹر سید علی محمد نقوی کی طرف سے بی جے پی کی حمایت کی بات سامنے آئی ہے یہ ان کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے لیکن اس کا مسلم پرسنل لا بورڈ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح بہار میں این ڈی اے کی حمایت میں ڈاکٹر خالد انور ایم ایل سی نے بھی بورڈ کے ذمہ داروں کی حمایت کی بات کہی ہے وہ بھی بالکل بے بنیاد ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم پرسنل لا قیام سے ہی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ پارلیمانی سیاست سے خود کو دستور کی روشنی میں دور رکھتا آیا ہے ۔ مسلم پرسنل لابورڈ نہ کبھی کسی پارٹی کی تائید کرتا ہے اور نہ ہی مخالفت۔ نائب صدر بورڈ کا بی جے پی کی حمایت میں بیان ان کی اپنی ذاتی رائے تو ہوسکتی ہے ، مگراس کو بورڈ کا بیان ہرگز نہ سمجھاجائے ۔اسی طرح خالد انور جو باتیں کررھے ہیں وہ بے بنیاد اور غلط ہیں ان سے پرسنل لا بورڈ کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ اس لیے عوام غلط فہمی میں مبتلا نہ ہوں اور انتخابی موقع پر بورڈ کے کسی ذمہ دار یا رکن کا سیاسی حمایت یا مخالفت میں بیان کو بورڈ سے جوڑ کر نہ دیکھاجائے ۔