نئی دہلی: ہندوستانی فوج کا دستہ کرغزستان کے ساتھ خصوصی افواج کی مشترکہ مشق خنجر کے 12ویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے اتوار کے روز کرغزستان روانہ ہوا۔یہ مشق کل سے شروع ہوگی اور 23 مارچ تک جاری رہے گی۔ 2011 میں شروع ہونے والی مشق خنجر، دونوں ممالک کے درمیان سالانہ تربیتی پروگرام ہے ۔ یہ مشق دونوں ممالک میں باری باری ہوتی ہے اور آخری مشق جنوری 2024 میں ہندوستان میں ہوئی تھی۔ہندوستانی دستے کی نمائندگی پیرا شوٹ ریجمنٹ (خصوصی افواج) کے سپاہی کرتے ہیں اور کرغزستان کے دستے کی نمائندگی کرغیز اسکارپین بریگیڈ کرتی ہے ۔اس مشق کا مقصد شہری اور پہاڑی علاقوں میں انسداد دہشت گردی اور اسپیشل فورسز کی کارروائیوں میں تجربات اور بہترین طریقوں کا تبادلہ کرنا ہے ۔