حیدرآباد۔/26 جنوری، ( سیاست نیوز) گورنر جشنو دیو ورما نے آئی اے ایس عہدیدار مشرف فاروقی صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کو نمایاں خدمات پر اعزاز عطاء کیا۔ پریڈ گراؤنڈ پر منعقدہ تقریب میں گورنر کے ہاتھوں مشرف فاروقی نے ایوارڈ حاصل کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور چیف سکریٹری شانتی کماری اور دوسرے اعلی عہدیدار موجود تھے۔ یہ ایوارڈ حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری کیلئے عہدیداروں کو پیش کیا جاتا ہے۔ گذشتہ ایک سال کے دوران نمایاں کارکردگی پر یہ ایوارڈز پیش کئے گئے۔ حکومت کی گروہا جیوتی اسکیم کے تحت مستحق غریب خاندانوں کو 200 یونٹ ماہانہ مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ مشرف فاروقی نے اسکیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا اور فی الوقت 25.63 لاکھ خاندانوں کو اسکیم سے فائدہ ہورہا ہے۔ مشرف فاروقی نے گورنر کے ہاتھوں ایوارڈ کے حصول کے بعد کہا کہ پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کا ہر ملازم اور ورکر اس اعزاز میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام ورکرس اور ملازمین کو اس اعزاز کا سہرا جاتا ہے جنہوں نے بے تکان خدمات انجام دیتے ہوئے تمام زمرہ جات کے صارفین کو بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنایا۔1