مصرکی میزبانی میں 5عرب ممالک کا سربراہ اجلاس

   


خطہ کے مسائل‘ مشترکہ عرب امن منصوبہ اور بین الاقوامی چیلنجزپرغور وخوض
قاہرہ : مصرکی میزبانی میں پانچ عرب ممالک کا سربراہ اجلاس آج پیر22اگست سے ہورہا ہے۔ مصری شہر العلمین میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں مصر، متحدہ عرب امارات، بحرین، اردن اور عراق کے وفود شرکت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سربراہ اجلاس مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی دعوت پر ان ممالک کے درمیان مسلسل ہم آہنگی اور مشاورت کے فریم ورک کے اندر ہو رہا ہے، جس سے مشترکہ عرب امن منصوبہ اور علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے عرب ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔اس سربراہی اجلاس میں مشترکہ اقتصادی منصوبوں کے علاوہ فلسطینی کاز پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زایدکل سرکاری دورے پر مصر پہنچے ہیں اور انھوں نے اپنے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور علاقائی امورپر تبادلہ خیال کیا ہے۔یواے ای کی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے مواقع پربھی بات چیت کی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری میں اضافہ ہوگا۔خاص طورپر دونوں ممالک کے عوام اور ملکوں کی پائیدار ترقی اور خوش حالی کے حصول کیلئے اقتصادی اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بات ہوئی۔انھوں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور کے علاوہ تازہ ترین علاقائی اورعالمی پیش رفت پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔ اس تناظر میں انھوں نے تنازعات اور بحرانوں کو پْرامن طریقوں سے حل کرنے کے لیے بات چیت، افہام وتفہیم اور سفارتی طریقوں کا سہارا لینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھا جا سکے۔