مصری سکیورٹی وفد کی حماس سے مذاکرات کیلئے غزہ آمد

   

غزہ پٹی: مصر کا ایک اعلیٰ سیکیورٹی وفد کل چہارشنبہ کے روز اسلامی مزاحمتی تحریک ’حماس‘ کے ساتھ موجودہ صورت حال اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی روکنے پر بات چیت کے لیے غزہ پہنچا ہے۔فلسطین سے نشریات پیش کرنے والے ‘الاقصیٰ’ چینل کے ٹیلی گرام صفحے پر جاری ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ مصری وفد چہارشنبہ کے روز غزہ داخل ہوا۔فلسطینی ذرائع کے مطابق مصری انٹیلی جنس حکام پر مشتمل وفد اسرائیل کے زیرکنٹرول بیت حانون گذرگاہ سے غزہ پہنچا۔ جرمن نیوز ایجنسی کے مطابق مصری وفد چند گھنٹے غزہ میں رکا اور پھر وہاں سے واپس چلا گیا ہے۔قبل ازیں ستمبر میں مصری وفد نے غزہ کی پٹی کا دورہ کیا تھا۔