مصر میں عیدالفطر کی تعطیلات لاک ڈاون کی نذر

   

قاہرہ۔18 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) مصر نے نئے کورونا وائرس کو پھیلنے اور عوام کو اس سے بچانے کے لیے عیدالفطر کی چھٹیوں میں چھ دن تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔مصری وزیراعظم نے کہا کہ اعلی وزارتی کمیٹی نے متعدد حفاظتی اقدامات طے کرلیے۔اتوار 24 مئی سے جمعہ 29 مئی تک پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ نئے فیصلوں کے تحت رمضان کے اختتام پر پورے ملک میں تمام تجارتی مراکز، مالز، ریستوران، پبلک پارک، تفریحی مقامات، دریا نیل اور ساحل سمندر اور تفریحی خدمات پیش کرنے والے مراکز بند ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی آمد ورفت پر کم از کم دو ہفتے تک پابندی برقرار رہے گی۔ عید کی تعطیلات میں کرفیو شام پانچ بجے سے شروع ہوگا جبکہ اس کے بعد کرفیو رات ا?ٹھ سے صبح چھ بجے تک برقرار رہے گا جیسا کہ رمضان سے پہلے تھا۔مصری وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئندہ ماہ جون کے وسط سے اسپورٹس کلب اور ریستوران سمیت کچھ سرگرمیاں بتدریج بحال کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہ عبادت گاہوں کو بھی دوبارہ کھولنے پر غور کیا جائے گا۔مصر میں اعلی وزارتی کمیٹی کا اجلاس نئے کورونا وائرس بحران سے متعلق سپیشل اقدامات کے حوالے سے منعقد ہوا تھا۔یاد رہے کہ مصری حکومت اپنے یہاں وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے موثر اقدامات جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔حکومت وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عوامی اورخاندانی اجتماعات پر پابندی لگانے کا پروگرام بنا رہی تھی۔واضح رہے کہ مصر میں کورونا کے متاثرین کی تعداد گیارہ ہزار سے زیادہ ہے اوراب تک کورونا سے 612 اموات ہو چکی ہیں۔