مصر کی تاریخی مسجد کے موذن اذان کیلئے کھڑے ہوئے اور روح پرواز کرگئی

   

’’ پانی چھوڑ دو اور روزے کی نیت کرلو ‘‘ اور خاموشی چھاگئی

قاہرہ : مصری بحیرہ گورنری کے شہر دمنہور میں واقع تاریخی الحبشی مسجد کے مشہور و معروف موذن انکل صنیدق نے قابل رشک حال میں جان دے دی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق صنیدق آثار قدیمہ کی تاریخی الحبشی مسجد کے موذن کے طور پر فجر کی اذان کیلئے کھڑے ہوئے اور فوت ہوگئے ۔ انہوں نے نمازیوں کو اعلان کیا کہ سحری کا وقت ختم ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ’’ پانی چھوڑ دو اور روزے کی نیت کرلو ‘‘ اور خاموشی چھاگئی ۔ صنیدق بے ہوش ہوگئے ۔ نمازیوں نے دیکھا تو معلوم ہوا کہ ان کا انتقال ہوگیا ہے ۔چچا صنیدق کے اہل خانہ اور شناسا افراد نے فجر کی اذان کے دوران مسجد میں ان کی موت کو ایک اچھے انجام کی علامت قرار دیا ، ان کی موت کا اعلان کیا گیا تو شہر کی فضاء سوگوار ہوگئی ۔الحبشی مسجد کے امام شیخ رمضان عبدالحفیظ نے چچا کی موت پر اظہار افسوس کیا اور بتایا کہ چچا 50سال سے تاریخی الحبشی مسجد کے موذن تھے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سحری کا وقت ختم ہوگیا اور جان دے دی ۔ اس سے قبل ان کے بڑے بھائی چچا اسمعیل بھی اسی مسجد میں جمعہ کی نماز کیلئے مسجد کی صفائی کرتے اور نماز کی تیاری کے کام کرنے کے دوران چل بسے تھے ۔ الحبشی مسجد کے امام نے مزید کہا کہ چچا کی نماز جنازہ دوپہر الحبشی مسجد میں ہی ادا کردی گئی ۔