سرکاری ملازمتوں کیلئے اقلیتی امیدواروں کو بعد رمضان ٹریننگ سیشن: اے کے خان
حیدرآباد۔ 10؍اپریل۔ ( پریس نوٹ ) مذہب‘ ذات پات کے امتیاز کے بغیر انسانی بنیادوں پر مصیبت کے دور میں مدد کرنا سب سے بہترین عبادت ہے۔ غیاث الدین بابو خان اور ان جیسے انسانیت نوازوں نے یہی کام برسوں سے کیا ہے۔ اس کی تقلید آج کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو مسٹر انجنی کمار نے کیا۔ وہ آج حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیارٹیبل ٹرسٹ کے سالانہ دعوت افطار سے مخاطب تھے۔ جناب اے کے خان آئی پی ایس ریٹائرڈ‘ مشیر اقلیتی امور حکومت تلنگانہ‘ ڈاکٹر عامر اللہ خان ماہر اقتصادیات‘ جلال الدین اکبر آئی ایف ایس‘ جناب غیاث الدین بابو خان‘ جاوید ھود‘ ضیاء الدین نیر‘ شہ نشین پر موجود تھے۔ مسٹر انجنی کمار نے جناب غیاث الدین بابو خان کی فلاحی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ جناب اے کے خان نے جو غیاث الدین بابو خان چیارٹیبل ٹرسٹ کے سکریٹری ہیں‘ بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ایک لاکھ ملازمتوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ عید کے بعد سے اقلیتی نوجوانوں کو ان ملازمتوں کا اہل بنانے کے لئے ٹریننگ کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے غیاث الدین بابو خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تیس سالہ خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ جناب عامر اللہ خان نے انجنی کماراور اے کے خان کی خدمات ‘ ان کے سیکولر کردار کی ستائش کی اور کہا کہ آج کے حالات میں بیوروکریسی نے ملک کو متحد رکھا ہے۔ جناب علی حیدر نے ٹرسٹ کی رپورٹ پیش کی ۔ عارف مرزا نے کاروئی چلائی۔ جاوید ھود نے اظہار تشکر کیا۔