مضر گوشت معاملہ: 9 ڈیلروں کے لائسنس معطل

   

سری نگر، 26 اگست (یو این آئی) جموں و کشمیر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے ) نے سری نگر اور اننت ناگ اضلاع میں مضر صحت گوشت، مصنوعی پنیر اور زائد المیعاد مٹھائیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں 9 ایف ایس ایس اے آئی لائسنس کو معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ ایف ڈی اے کی طرف سے جاری کردہ فہرست میں کئی معروف گوشت اور کھانے پینے کے مراکز کے لائسنس معطل کر دئے گئے ہیں جن میں لسجن، زکورا، قمرواری، اور اننت ناگ کے کے پی روڈ، اچھہ بل، اور کڈی پورہ میں واقع کچھ ادارے شامل ہیں۔ حکام کی طرف سے یہ کارروائی رواں ہفتے کے اوائل میں وسیع پیمانے پر کی جانے والی ضبطیوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ جن اداروں کے لائسنس معطل کئے گئے ہیں ان میں ایم/ایس التقویٰ فوڈز (لسجن سری نگر)، ایم /ایس عارف انٹر پرائزز (بلبل باغ ٹینگہ پوری سری نگر)، ایم/ ایس سن شائن فوڈذ (انڈسٹریل اسٹیٹ زکورہ سری نگر)، ایم/ ایس انمول فوڈز (پارمپورہ گھاٹ قمر وای سری نگر)، ایم/ ایس جوبیلنٹ فوڈ ورکز لمیٹڈ (ڈومینوز مزا، کے پی روڈ اننت ناگ)، ایم/ ایس شان شاہی بریانی (کے پی روڈ اننت ناگ)، ایم/ ایس شان فش فرائی (اچھہ بل اڈاہ اننت ناگ)، ایم/ایس بسم اللہ سیوٹس (انڈسٹریل اسٹیٹ اننت ناگ) اور ایم /ایس کھانڈے پالٹری (کادی پورہ اننت ناگ) شامل ہیں۔ ایف ڈی اے نے پہلے ایک عوامی نوٹس میں کہا تھا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑے گا، جس میں 10 لاکھ روپے تک کے جرمانے ، لائسنس کی منسوخی، اور چھ سال تک قید کی سزا شامل ہے ۔