مظاہرین کا مطالبہ تسلیم ،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا اعلان

   

بنگلور، یکم مارچ (یو این آئی) کرناٹک کے وزیر اعلی بسوراج بومئی نے آج چہارشنبہ مظاہرین کے مطالبے تسلیم کرتے ہوئے عبوری ریلیف کے طور پر ان کی تنخواہوں میں 17 فیصد اضافے کا اعلان کیا۔مسٹر بومئی نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اضافہ کا نوٹیفکیشن فوری جاری کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سکریٹری (مالیات) کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور وہ دیگر ریاستوں کی نئی پنشن اسکیم، مالیاتی اثرات اور دیگر مسائل کا مطالعہ کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔وزیراعلیٰ نے احتجاج کرنے والے ملازمین سے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی۔ گورنمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے ہڑتال کے فیصلے کی وجہ سے آج ریاست بھر میں سرکاری خدمات درہم برہم رہیں۔ملازمین کی تنظیم ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر پے سکیلز اور نیشنل پنشن سسٹم کو دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے ۔