مظلوموں کو انصاف میں تاخیر کیخلاف احتجاج

   

خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ، مسلم لیگ قائدین کا خطاب
نظام آباد: ہاتھرس (یوپی ) اور معین آباد(تلنگانہ) کی مظلوم لڑکیوں کی عصمت ریزیوں اور ان کے اوپر ظلم کرنے والوں کے خلاف عدم کاروائی اور مظلومین کو انصاف دلانے میں تاخیر کے خلاف انڈین یونین مسلم لیگ کی جانب سے قومی سطح پر زبردست سہ روزہ احتجاج کا اعلان کیاگیا جس کے تحت آج شہر نظام آباد میں عبدالغنی انڈین یونین مسلم لیگ ریاستی جنرل سکریٹری تلنگانہ کی قیادت میںقلب شہر احمدی بازار نظام آباد میں احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے ظالم و جابر بی جے پی و فرقہ پرست یوگی حکومت کو قومی سطح پر خواتین و لڑکیوں کے خلاف ہونے والے عصمت ریزی اور تشویشناک قتل و غارت گری کے معاملات سے باز آجانے کا مطالبہ کیاگیا۔ انہوںنے مطالبہ کیاکہ ہندوستان میں رونما ہونے والے خواتین کے خلاف مظالم کے واقعات اور عصمت ریزی کے واقعات کے خلاف فاسٹ ٹراک کورٹ کا قیام عمل میں لاتے ہوئے تیزی سے فیصلے کریں تاکہ مظلوم خواتین اور خاندانوں کو انصاف مل سکے اور مجرمین کو کیفر کردار تک پہنچایاجاسکے۔ اس موقع پر مسلم لیگ قائدین شیخ مجاہد، شرجیل پرویز، مرتضیٰ حسین، محمدوسیم، محمدفاروق کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ واضح رہے کہ آج کے احتجاجی دھرنے میں معصوم بچوں نے پلے کارڈس تھام کر تمام کی توجہ اپنی جانب مرکوز کروائی۔