کولکاتہ؍نئی دہلی، 21جون (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ جس ملک کی بحری طاقت جتنی مضبوط ہوگی، اس کا معاشی اور اسٹریٹجک اثر بھی اتنا ہی مضبوط ہوتا ہے اور اسی حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندوستان تیزی سے اس سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ اتوار کو کولکاتہ میں تین دیسی ساختہ بحری جہازوں آئی این ایس اَگرے ، آئی این ایس دوناگیری اور آئی این ایس سنشودھک کو باضابطہ طور پر ہندوستانی بحریہ کے بیڑے میں شامل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔اس سے قبل کولکاتہ میں بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شامل ہونے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 21جون کو عالمی یومِ ہائیڈروگرافی (آبی سروے ) بھی منایا جاتا ہے اور یہ ایک خوشگوار اتفاق ہیکہ آج ہی کے دن ہندوستان کے جدید ترین ہائیڈروگرافک جہاز ”آئی این ایس سنشودھک” کو کمیشن کیا گیا ہے ۔ملک کی معاشی ترقی اور استحکام کیلئے بحری طاقت کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس ملک کی بحری قوت مضبوط ہوگی، اس کا معاشی اور تزویراتی اثر بھی اتنا ہی طاقتور ہوگا اورہندوستان اس حقیقت کو بخوبی سمجھتا ہے ۔