معاشی طورپر پسماندہ طبقات کو 10 فیصد تحفظات: کے سی آر

   


عنقریب اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ ، مسلم تحفظات کا کوئی ذکر نہیں
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں معاشی طور پر پسماندہ طبقات (EWS) کو 10 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اندرون 2 تا 3 یوم اس مسئلہ پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضروری احکامات جاری کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور طبقات کو ملازمتوں اور تعلیم میں 10 فیصد تحفظات فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ معاشی طور پر کمزور طبقات کے لئے 10 فیصد تحفظات پر عمل کریں جبکہ ریاست میں موجودہ طور پر تحفظات کے استفادہ کنندگان کو جو تحفظات حاصل ہیں، انہیں برقرار رکھا جائے گا ۔ ریاست میں فی الوقت پسماندہ طبقات کیلئے 50 فیصد تحفظات حاصل ہے۔ ایسے میں معاشی طور پر کمزور طبقات کو 10 فیصد تحفظات کی فراہمی سے جملہ فیصد 60 ہوجائے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ حکومت نے مسلمانوں اور ایس ٹی طبقہ کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک اس سلسلہ میں کوئی قدم نہیں اٹھائے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر مذہبی بنیادوں پر تحفظات کو عدالتوں کی جانب سے کالعدم کئے جانے کے اندیشے کے تحت معاشی طور پر پسماندہ طبقات کے زمرہ میں مسلمانوں اور دیگر طبقات کو تحفظات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت کے موقف کی وضاحت اندرون دو یوم ہونے والی کل جماعتی اجلاس میں ہوگی۔