معاشی طور پر کمزور 2 طالبات کی اعلیٰ تعلیم کیلئے مدد

,

   

ٹوئٹر پر دونوں لڑکیوں نے کے ٹی آر سے مدد کی درخواست کی تھی

حیدرآباد۔ 18 جولائی (سیاست نیوز) ضلع جگتیال کے ایک موضع سے تعلق رکھنے والی یتیم لڑکی رچنا اور ورنگل کے علاقہ حسن پرتی کی متوطن آٹو ڈرائیور کی دُختر انجلی معاشی طور پر کمزور خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان دونوں طالبات نے انٹرمیڈیٹ کی تعلیم مکمل کرلی اور انہوں نے انجینئرنگ انٹرنس امتحان میں بھی شاندار مظاہرہ کیا۔ رچنا اور انجلی نے اپنی معاشی کمزور کے باعث ٹی آر ایس کے کارگزار صدر کے تارک راما راؤ سے مدد کی درخواست کی۔ دونوں طالبات نے ٹوئٹر کے ذریعہ اپنا پیام کے ٹی آر تک پہنچایا۔ ان دونوں لڑکیوں کی حالات سے کے ٹی آر نے واقفیت حاصل کی اور چند گھنٹوں کے اندر انہیں طلب کرکے اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے ان کی مدد کا فیصلہ کیا۔ ردرا رچنا ضلع جگتیال کے منڈل کتھل پور کی رہنے والی ہیں جس کے والدین کا اس کے بچپن ہی میں انتقال ہوگیا تھا۔ جگتیال گورنمنٹ ہائی اسکول سے دسویں کامیاب کرنے کے بعد رچنا یوسف گوڑہ میں واقع اسٹیٹ ہوم میں مقیم رہی اورپولی ٹیکنک ڈپلوما کورس کیا اور ای سی ای ٹی میں اچھا رینک بھی لایا۔ اس سے انہیں چیتنیہ بھارتی انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (سی بی آئی ٹی) حیدرآباد میں داخلہ مل گیا لیکن مالی بحران کے باعث وہ یہ سیٹ حاصل نہیں کرپائی لیکن جب کے ٹی آر کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے اس طالبہ کی مدد کی۔ انجلی کا معاملہ بھی اسی طرح کا ہے۔ کے ٹی آر نے انجلی کو بھی طلب کرکے آئی آئی ٹی اندور میں تعلیم جاری رہنے میں مدد کی۔ اس لڑکی نے جے ای ای میں بہتر نشانات حاصل کئے تھے۔ انجلی کے والد حسن پرتی میں آٹو رکشا ڈرائیور ہیں۔