ICFAI فاونڈیشن فار ہائر ایجوکیشن کے کانوکیشن سے ڈاکٹر ٹی جی سیتارام کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 اگست (سیاست نیوز) ڈاکٹر ٹی جی سیتارام، چیرمین آل انڈیا کونسل آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (اے آئی سی ٹی ای)، حکومت ہند نے آج کہا کہ کسی بھی معیشت کی ترقی میں تعلیم کا بہت اہم اور کلیدی رول ہوتا ہے۔ یہاں نارسنگی میں ہفتہ کو منعقدہ آئی سی ایف اے آئی فاونڈیشن فار ہائر ایجوکیشن کے 14 ویں کانوکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر سیتارام نے کہا کہ ہندوستان میں پرائمری اسکولس میں تعلیم حاصل کرنے والے 26.5 کروڑ بچے ہوتے ہیں لیکن اعلیٰ تعلیم تک پہنچنے میں ان کی تعداد گھٹ کر 4.3 کروڑ ہوجاتی ہے جو صرف 28.3 فیصد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی کے تحت حکومت طلبہ کی اس تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے 4.3 کروڑ سے 28.3 کروڑ کرنا چاہتی ہے اور حکومت کا یہ مقصد ہے اس کیلئے انہیں مزید انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1975 میں اعلیٰ تعلیم کی شرح 11 فیصد تھی جو 2024ء میں 28 فیصد تک ہوگئی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ ویبینارس میں حصہ لیں اور مہارت حاصل کریں۔ پہلے تعلیم کا مقصد جاب حاصل کرنا ہوتا تھا لیکن اب حالات بدل گئے ہیں اور اسٹارٹ اپس پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسرچ، اختراع اور انٹر پرینر شپ کو بڑھاوا دینے کیلئے حکومت ہند کے اقدامات کے ساتھ اے آئی سی ای ٹی ای کی کاوشیں ترقی یافتہ ہندوستان کے ویژن کو پورا کرنے کی سمت اہم اقدامات ہیں۔ قبل ازیں یونیورسٹی چانسلر ڈاکٹر سی رنگاراجن نے جو آر بی آئی کے سابق گورنر بھی ہیں، کانوکیشن خطبہ دیا اور کہا کہ ہندوستان 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بننا چاہتا ہے لیکن اس کیلئے درکار باتوں پر توجہ دینا ہوگا۔ اس موقع پر آر وینکٹ رمنی، اٹارنی جنرل آف انڈیا کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی گئی۔ پروفیسر ایل ایس گنیش، وائس چانسلر نے رپورٹ پیش کی۔ اس کانوکیشن میں میرٹ طلبہ کو میڈلس اور ایوارڈس دیئے گئے۔ 2515 طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں۔