معین آباد واقعہ کے پسماندگان سے سی پی آئی قائدین کی ملاقات

   

25,000 روپئے کی امداد حوالے، عزیز پاشاہ ، وینکٹ ریڈی اور دیگر قائدین کا دورہ
حیدرآباد: سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی اور سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے حیدرآباد اور رنگا ریڈی کے سی پی آئی قائدین کے ہمراہ معین آباد میں عصمت ریزی اور قتل کی شکار کمسن لڑکی کے پسماندگان سے ملاقات کی ۔ متاثرہ خاندان سے ملاقات کے دوران سی پی آئی قائدین نے 25,000 روپئے کی امداد حوالے کی اور انصاف کی فراہمی کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ سی پی آئی قائدین نے مقتول لڑکی کے والد ، بہن اور دیگر رشتہ داروں سے بات چیت کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کیں۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چاڈا وینکٹ ریڈی اور عزیز پاشاہ نے پولیس کے رویہ کی مذمت کی اور کہا کہ پولیس نے ملزم کو بچانے کیلئے چارج شیٹ میں قتل کی دفعات شامل نہیں کی ہیں۔ ایف آئی آر میں سیکشن 302 کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ سی پی آئی قائدین نے جب متعلقہ ڈی سی پی سے بات چیت کی تو ان کا کہنا تھا کہ فارنسک رپورٹ کے بعد کارروائی کی جائے گی۔ سی پی آئی قائدین نے قتل کی دفعات فوری شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقتول کی بہن نے ملزم مدھو یادو کی جانب سے ارکان خاندان کو دھمکیوں کی شکایت کی اور کہا کہ متاثرہ خاندان غیر محفوظ تصور کر رہا ہے ۔ انہوں نے مناسب سیکوریٹی فراہم کرنے کی درخواست کی ۔ سی پی آئی قائدین نے تیقن دیا کہ پارٹی کے مقامی اور منڈل یونٹ کے قائدین دیکھ بھال کریں گے اور پولیس سے مدد حاصل کی جائے گی ۔ پارٹی کی جانب سے خاطی کو عبرتناک سزا کا مطالبہ کرتے ہوئے حالیہ دنوں میں احتجاج منظم کیا گیا تھا ۔ سی پی آئی وفد میں اے انجیا ، ای ٹی نرسمہا (ڈسٹرکٹ سکریٹریز حیدرآباد رنگا ریڈی) ، رویندر چاری ، محمد افسر ، منان رضوی ، شمس الدین، پی نرسنگھ راؤ ، فہمیدہ ریاض اور دیگر قائدین شامل تھے۔