نئی دہلی : سمندری حدود میں چند دنوں میں تجارتی جہازوں پر دو حملوں کے تناظر میں وزیراعظم نریندر مودی نے سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے فون پر بات کی اور مغربی ایشیا کی صورتحال کے بارے میں فکرمندی کا اظہار کیا۔ مودی نے بتایا کہ انہوں نے عزیز لیڈر پرنس محمد بن سلمان کے ساتھ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنر شپ کے مستقبل کے بارے میں سیرحاصل بات کی ہے۔ ہم نے مغربی ایشیا کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور دہشت گردی، تشدد اور شہریوں کے جانی نقصان کے تعلق سے اپنی فکرمندی کا اظہار کیا۔ ہم نے خطہ میں امن، سلامتی اور استحکام کیلئے مل کر کام کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ گجرات میں ویراول کے ساحل سے قریب تجارتی جہاز ایم وی چیم کلوٹو کو ڈرون نے نشانہ بنایا ۔ جہاز میں اس وقت 21 ہندوستانی سوار تھے۔ اگرچہ کسی کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا لیکن یہ واقعہ باعث تشویش ہے۔ جہاز کے ذریعہ سعودی عرب سے تیل لایا جارہا تھا اور وہ منگلورو کی طرف بڑھ رہا تھا۔ ڈرون حملہ سے جہاز کو کچھ نقصان ہوا ہے۔ ایک دن بعد ایک اور ہندوستانی جہاز کو بحیرہ احمرمیں حملہ کا نشانہ بنایا گیا۔