لندن: لندن میں ضرورتمند افراد کو مفت کھانا فراہم کرنے والے پاکستانی نژاد برطانوی شہری کو برٹش ایمپائر میڈل دیا گیا ہے۔میڈیا کے مطابق مسلم ہینڈ۔دی اوپن کچن کے بانی احسان شاہد چوہدری شاہ نے چارلس کی سالگرہ میں شرکت کی جہاں انہیں برٹش ایمپائر میڈل (ایم بی ای) سے نوازا گیا۔یہ میڈل برطانیہ کے بادشاہ جارج (پنجم) نے 1917 میں ان لوگوں کے اعزاز کے لیے قائم کیا تھا جنہوں نے فنون، سائنس، خیراتی کام اور عوامی خدمت کے لیے غیر معمولی کام سرانجام دیے ہیں، اس کے علاوہ یہ ان لوگوں کو بھی دیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی کمیونٹی میں بے پناہ خدمات انجام دیں۔احسان شاہد چوہدری نے مسلم ہینڈز کا آغاز 1993 میں ناٹنگھم سے کیا تھا جب بوسنیا کی جنگ کے بعد برطانیہ میں مسلمانوں نے بوسنیا میں لوگوں کے لیے عطیات اور خیرات جمع کرنا شروع کیں۔بعدازاں 2018 میں احسان شاہد نے اوپن کچن کا آغاز کیا، یہ ایک ایسی سروس ہے جس کے ذریعے کم آمدنی والے افراد روزانہ دوپہر کا مفت کھانا کھاتے ہیں۔