مفرور وجے مالیا کے خلاف چیک باؤنس کا بھی مقدمہ

   

نئی دہلی : دہلی پولیس نے مفرور اقتصادی مجرم وجے مالیا کے خلاف چیک باؤنس معاملہ میں خصوصی عدالت میں حاضر نہ ہونے پر ایک تازہ ایف آئی آر درج کی ہے۔ راؤوز ایونیو کی عدالت میں سماعت جاری تھی۔ عدالت نے کہا کہ ملزم اس کے سامنے پیش ہونے کو تیار نہیں۔ اس کے بعد عدالت نے دہلی پولیس کو ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔یک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ انہوں نے عدالت کی ہدایت کے بعد وجے مالیا کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 174اے کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ایف آئی آر نئی دہلی ضلع کے کناٹ پلیس پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ہے۔ دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے وجے مالیا پر چیک باؤنس کا الزام عائد کیا تھا۔دہلی پولیس نے اب ایف آئی آر درج کی ہے، جو وجے مالیا کے خلاف ایک نیا کیس بن گیا ہے۔ آئی پی سی کی دفعہ 174 اے میں کہا گیا ہیکہ کسی سرکاری ملازم کے احکامات کی تعمیل میں ناکامی پر قصوروار پائے جانے پر 6 ماہ تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔