مقامی ادارہ جات پر قبضہ کے لیے ٹی آر ایس کی حکمت عملی

   

چیف منسٹر کی جانب سے انتخابی مقابلے کی نگرانی کی کمان کے ٹی آر کے حوالے
حیدرآباد۔15اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ میں ہونے جا رہے ادارہ جات مقامی کے انتخابات تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ کارگذار صدر ٹی آر ایس کی نگرانی میں لڑے گی ۔ صدر تلنگانہ راشٹراسمیتی و چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ادارہ جات مقامی کے انتخابات کی کمان اپنے فرزند و کارگذار صدر ٹی آر ایس کے حوالہ کی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ صدر ٹی آر ایس نے ادارہ جات مقامی کے انتخابات کی حکمت عملی کی تیاری اور مکمل فیصلوں کا اختیار مسٹر کے ٹی راما راؤ کے حوالہ کرتے ہوئے اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ پارٹی کے سینیئر قائدین سے مشاورت کے ذریعہ امیدواروں کے انتخاب کے علاوہ ان انتخابات میں کامیابی کے حصول کی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے انتخابی مہم اور عوام کے بنیادی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے تلنگانہ راشٹراسمیتی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا تھا کہ اپنے فرزند مسٹر کے ٹی راما راؤ کو پارٹی کا کارگذار صدر بنانے کا اعلان کیا تھا اور اب جبکہ ریاست میں ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے لئے شیڈول اور اعلامیہ کی اجرائی کا امکان ہے ایسے میں انہیں انتخابات کی نگرانی کی ذمہ داری تفویض کرتے ہوئے یہ پیغام دیا ہے کہ ریاست کے امور کو وہ اپنے فرزند کو منتقل کر رہے ہیں۔ ٹی آر ایس کی ریاستی عاملہ کے اجلاس کے دوران کئے گئے اس فیصلہ کے متعلق پارٹی سینیئر قائدین کا کہناہے کہ چیف منسٹر نے پارٹی کو بنیادی طور پر مستحکم کرنے اور پارٹی سے نوجوان نسل کو جوڑنے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے جبکہ مسٹر کے ٹی راما راؤ کو دی گئی اس ذمہ داری کے متعلق یہ بھی کہا جا رہاہے کہ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے عام انتخابات کے دوران جس طرح کی انتخابی مہم چلائی ہے اسے دیکھتے ہوئے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ریاست میں ہونے والے ادارہ جات مقامی کے انتخابات پارٹی کو اپنے فرزند کی نگرانی میں لڑایا جائے اورانہیں انتخابی حکمت عملی کی تیاری کی تربیت دی جائے۔