مقامی ادارہ جات کے انتخابات کے انتظامات کا جائزہ

   

کسی بھی وقت شیڈول کی اجرائی متوقع ، چیف الیکشن کمیشن کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال

حیدرآباد۔15اپریل(سیاست نیوز) ریاست میں ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں ریاستی چیف الیکشن کمیشن مسٹر وی ناگی ریڈی نے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مسٹر ایم مہندرریڈی ‘ چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی کے علاوہ دیگر اعلی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا اور عہدیداروں سے تبادلۂ خیال کے دوران ریاست کے ضلع پریشد و منڈل پریشد انتخابات کے پر امن انتخابات کے سلسلہ میں مشاورت کی ۔ادارہ جات مقامی انتخابات کے سلسلہ میں مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے اجازت حاصل ہونے کے بعد ریاستی الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ 14اپریل سے 22مئی کے دوران ادارہ جات مقامی کے انتخابات کا عمل مکمل کرلیا جائے گا اور اس کے نتائج عام انتخابات کے نتائج کے بعد جاری کئے جائیں گے۔ریاستی چیف الیکشن کمیشن کی جانب سے منعقد کئے گئے جائزہ اجلاس میں ڈی جی پی ‘ چیف سیکریٹری کے علاوہ مسٹر آدھار سنہا‘ مسٹر سنیل شرما‘ مسٹر نوین متل‘ مسز تیج دیپ کور مینن‘ مسزنیتو کماری پرساد‘ مسٹر راما کرشنا‘ مسٹرراجیشور تیواری کے علاوہ دیگر آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیداروں نے شرکت کی ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی چیف الیکشن کمیشن مسٹر وی ناگی ریڈی نے اس اجلاس میں ادارہ جات مقامی انتخابات کے دوران امن و امان کی برقراری کے علاوہ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سلسلہ میں جاری کئے جانے والے احکامات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں سے مشاورت کے بعد تمام انتظامات کو قطعیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست میں ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے دوران امن و امان کی برقراری کے سلسلہ میں پولیس کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات اور پر امن رائے دہی کو یقینی بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا بھی اجلاس کے دوران جائزہ لیا گیا۔باوثوق ذرائع کے مطابق ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے کسی بھی وقت انتخابی شیڈول اور اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے کیونکہ ریاستی الیکشن کمیشن ان انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں تیاریاں مکمل کرچکا ہے۔ریاستی چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ رتمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور 18تا20اپریل کے درمیان اعلامیہ کی اجرائی ممکن ہے اور 20اپریل تک فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کیلئے وصول ہونے والی درخواستوں کو قبول کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے سلسلہ میں ریٹرننگ آفیسرس و دیگر انتخابی عملہ کے انتخاب کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔