واشنگٹن: امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اپنے بیٹے کو معافی دیتے ہوئے فوجداری مقدمات میں ممکنہ سزا سے بچا لیا ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کو اسلحہ رکھنے اور ٹیکس کی عدم ادائیگی کے حوالے سے الزامات کا سامنا تھا۔امریکی صدر کی جانب سے کیے گئے اقدام کو ان کے ان وعدوں سے پسپائی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے اختیارات کو خاندان کے افراد کیلئے استعمال نہیں کریں گے۔ ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے صدر نے اس سے قبل کہا تھا کہ وہ ڈیلاویئر اور کیلیفورنیا میں دو مقدمات میں سزا پانے کے بعد اپنے بیٹے کو معاف نہیں کریں گے اور نہ ہی سزا میں کمی کیلئے کوئی اقدام کریں گے۔موجودہ صدر کی جانب سے بیٹے کو معافی دینے کا اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس پہنچنے میں دو ماہ سے کم وقت رہ گیا ہے۔جو بائیڈن کے اقدام کے ساتھ ہی وہ معاملہ اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے جو دسمبر 2020 میں سامنے آیا تھا اور جو بائیڈن کی فتح کے ایک ماہ بعد ہی بتایا گیا تھا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ ان کے بیٹے سے تفتیش کر رہا ہے۔