ملائم سنگھ کی سرکاری اعزاز کیساتھ آخری رسومات

   

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کے بشمول اہم قائدین کی شرکت
اٹاوہ : یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سابق سربراہ ملائم سنگھ یادو کی آخری رسومات اٹاوہ ضلع میں ان کے آبائی گاؤں سیفئی میں ادا کی گئیں۔ اکھلیش یادو نے اپنے والد ملائم سنگھ یادو کی چتا کو آگ دکھائی۔ ان کے جسد خاکی کو صبح 10 بجے سے آخری دیدار کے لئے سیفئی میلہ گراؤنڈ کے پنڈال میں رکھا گیا تھا۔ ملائم سنگھ یادو کا پیر کو انتقال ہوگیا تھا۔ 82 سال کی عمر میں انہوں نے گروگرام کے میدانتا اسپتال میں آخری سانس لی۔ چیف منسٹر تلنگانہ چندرشیکھر راؤ کے بشمول کئی اہم قائدین نے آخری رسومات میں شرکت کی۔ ملائم سنگھ یادو 10 بار ایم ایل اے اور سات بار ایم پی رہے ہیں۔ وہ 1989 سے 1991، 1993 سے 1995 اور 2003 سے 2007 تک تین بار اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ رہے اور 1996 سے 98 تک ملک کے وزیر دفاع بھی رہے۔ 82 سالہ ملائم سنگھ تقریباً دو سال سے بلڈ پریشر اور یورین انفیکشن جیسی بیماریوں سے متاثر تھے۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، سابق چیف منسٹر اے پی چندرابابو نائیڈو، آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو، ورون گاندھی، مینکا گاندھی، ہیمنت سورین، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل اور دیگر اہم سیاسی شخصیات آخری رسومات میں شریک تھے۔