ملازمتیں گنوانے والے بیرونی افراد کیلئے ہنگامی نوکریاں

   

دبئی۔13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات نے بیرونی ممالک کے افراد جو کورونا وائرس بحران کے باعث ملازمتوں سے محروم ہوگئے ہیں، ان کے لیے 19 شعبوں میں ہنگامی اسامیوں کے اشتہارات دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کورونا بحران سے نمٹنے کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کے باعث امارات کے بہت سارے خانگی اداروں نے غیر ملکی کارکنان کو خدمات سے سبکدوش کیا ہے جس کی وجہ سے وہ بے روز گاری کی زندگی گزار رہے ہیں۔ امارات میں آن لائن مارکیٹ کو مطلوب ملازمین کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کی ہے۔ 19 شعبوں میں درجنوں پیشے ایسے ہیں جن پر غیر ملکیوں کی خدمات درکار ہیں۔ان میں کچھ اسامیاں وہ ہیں جنہیں مستقل ملازم درکار ہیں اور کچھ ایسی ہیں جن پر چھ ماہ کے لیے ملازم مطلوب ہیں- تنخواہیں ماہانہ تین ہزار درہم سے لیکر دس ہزار درہم تک کی ہیں۔وزارت افرادی قوت کی جاری کردہ اطلاعات کے مطابق تعمیرات کے شعبے میں مکینیکل انجینیئر، گوداموں کے انچارج، منصوبہ بندی انجینیئر، مینٹیننس انچارج، سول انجینیئر،تعمیراتی مزدور،لوہار اور بڑھنی کے پیشو ں کی جائیدادیں خالی ہیں۔خوراک کے شعبے میں اسسٹنٹ شیف کی اسامی خالی ہے۔ آن لائن بزنس کے شعبے میں رابطہ مرکز اورجنرل اسٹور کی مارکیٹنگ کے پیشوں کی اسامیاں خالی ہیں۔