ملازمین کو برطرف کرنے کی خبریں بے بنیاد: ایمریٹس ایئر

   

دحہ۔18 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) امارات ایئرلائنز کے ترجمان نے کہا ہے کہ بڑی تعداد میں ملازمین کو سبکدوش کرنے کا ارادہ ہے اور نہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ میڈیا میں گردش کرنے والی یہ اطلاع غلط ہے کہ ایرلائنز نے بہت بڑی تعداد میں ملازمین کی چھٹی کردی ہے لیکن اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ امارات ایرلائنز (ایمریٹس ایئر) کے ترجمان نے کہا کہ کمپنی کا موجودہ منظر نامہ یہ ہے کہ اعلی حکام پروازیں تدریجی طور پر بحال کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں۔امارات ایرلائنز کے ایگزیکٹیو چیئرمین نے پروازوں کی بحالی کے لیے تیاریوں کا حکم جاری کردیا ہے۔امارات ایرلائنز کے ترجمان نے اعتراف کیا کہ دیگر فضائی کمپنیوں کی طرح امارات ایرلائنز بھی دنیا بھر میں کورونا بحران سے نمٹنے کیلیے درپیش صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔ٹیم سے کہا گیا ہے کہ وہ نئی بندشوں کے ماحول میں آنے والے اخراجات کا مکمل جائزہ تیار کرے اس پر کام ہورہا ہے۔جب بھی کوئی فیصلہ ہوگا روایتی طریقے سے اس کا اعلان کردیا جائے گا۔امارات ایر لائنز کے ترجمان نے اطمینان دلایا کہ کمپنی کی مالی موقف مضبوط ہے۔ کمپنی کے حکام اپنے قابل اور تربیت یافتہ عملے کو کھونا نہیں چاہیں گے اور یہ فیصلہ امارات ایرلائنز کی اولیں ترجیح ہے اور رہے گی۔