ملٹی پلکس تھیٹرس میں کم عمر بچوں کے داخلہ پر پابندی ختم

   

تلنگانہ ہائیکورٹ نے احکامات واپس لے لئے، پابندی کا اختیار حکومت کو دیا
حیدرآباد 2 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے ملٹی پلکس میں فلموں کے مشاہدہ کے لئے 16 سال سے کم عمر بچوں کے داخلہ پر پابندی سے متعلق اپنے سابقہ احکامات میں ترمیم کی ہے۔ جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے احکامات میں ترمیم کرتے ہوئے 16 سال سے کم عمر بچوں کو تمام ریگولر شوز میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔ 21 جنوری کو اپنے احکامات میں عدالت نے رات 11 بجے سے صبح 11 بجے تک 16 سال سے کم عمر بچوں کے ملٹی پلکس میں داخلہ پر پابندی کردی تھی۔ ملٹی پلکس اسوسی ایشن نے احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنھیں بھاری نقصان ہوسکتا ہے۔ ملٹی پلکس اسوسی ایشن کے وکلاء کی سماعت کے بعد عدالت نے احکامات میں ترمیم کردی اور واضح کیاکہ تلنگانہ حکومت اگر چاہے تو کم عمر بچوں کے داخلہ کے بارے میں کوئی فیصلہ کرسکتی ہے۔ اِس معاملہ کی آئندہ سماعت 17 مارچ کو مقرر کی گئی۔ فلم ’پشپا 2‘ کے پریمئر شو کے موقع پر تھیٹر میں بھگدڑ کے واقعہ کے بعد حکومت نے بنیفٹ شو اور ٹکٹ کی شرح میں اضافہ پر پابندی عائد کردی تھی۔ گیم چینجر فلم کے لئے حکومت نے ٹکٹوں کی شرح میں اضافہ کی اجازت دی جس کے بعد یہ معاملہ ہائیکورٹ تک پہنچ گیا۔ عدالت نے رات دیر گئے فلموں کی نمائش پر روک لگادی تھی۔ جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے کمسن بچوں کے داخلہ کے مسئلہ پر فیصلہ کو ریاستی حکومت پر چھوڑ دیا ہے۔ وزارت داخلہ نے 21 ڈسمبر 2021 ء کو جی او 120 جاری کرتے ہوئے خصوصی شوز اور ٹکٹوں کی شرح میں اضافہ پر روک لگادی تھی۔ سینئر وکیل نرنجن ریڈی نے ملٹی پلکس آپریٹرس بشمول سندھیا تھیٹرس کی نمائندگی کرتے ہوئے عدالت میں بحث کی اور کہاکہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے داخلہ پر پابندی سے ملٹی پلکس تھیٹر کو بھاری نقصان ہوگا۔ جسٹس وجئے سین ریڈی نے فیصلہ میں ترمیم کرتے ہوئے ملٹی پلکس تھیٹرس کو راحت دی ہے اور پابندی کے معاملہ کو حکومت پر چھوڑ دیا۔ 1