ملکارجن کھرگے نے اجمیرشریف کیلئے خصوصی غلاف روانہ کیا،اولیاء اللہ کے آستانے ہندو مسلم اتحاد کے مراکز

   

حیدرآباد۔/25 جنوری، ( سیاست نیوز) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے عرس حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے موقع پر کانگریس پارٹی کی جانب سے خصوصی غلاف مبارک روانہ کیا۔ نئی دہلی میں غلاف کی روانگی کے موقع پر مختلف ریاستوں کے اہم مسلم قائدین کو مدعو کیا گیا تھا۔ سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر، آل انڈیا کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین عمران پرتاپ گڑھی ایم پی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر ملک میں امن امان، مذہبی رواداری اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ناصر حسین اور اے آئی سی سی کے دیگر قائدین غلاف مبارک کی روانگی کے موقع پر موجود تھے۔ ملکارجن کھرگے نے کہا کہ عرس خواجہ اجمیری ؒ میں دنیا بھر سے لاکھوں عقیدتمند بلالحاظ مذہب و ملت شرکت کرتے ہیں اور کانگریس پارٹی کی جانب سے ہر سال خصوصی غلاف روانہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں بزرگان دین کے آستانے ہندو مسلم اتحاد کے مراکز ہیں اور ملک میں نفرت کے خاتمہ کیلئے اجمیر میں خصوصی دعا کی جائے گی۔ر