ملک بھر میں بی جے پی کی مدد کیلئے بی آر ایس کا قیام : ہنمنت راؤمکرم جاہ بہادر کے احترام میں تعطیل کا اعلان نہ کرنا بی جے پی کے خوف کا نتیجہ

   

حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے بی جے پی کے خلاف قومی سطح پر بی آر ایس کے قیام سے متعلق کے سی آر کے دعویٰ کو مسترد کردیا اور کہا کہ بی جے پی کی مدد کیلئے کے سی آر نے نئی پارٹی قائم کی ہے۔ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کے ذریعہ کے سی آر ملک بھر میں سیکولر ووٹ تقسیم کرتے ہوئے بی جے پی کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر طاقتوں کو کے سی آر گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ بی جے پی اور کے سی آر کے درمیان خفیہ مفاہمت ہوچکی ہے اور تلنگانہ میں اقتدار بچانے کیلئے دیگر ریاستوں میں بی جے پی کی مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور بی آر ایس کے ذریعہ کانگریس کو کمزور کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف ثامن نواب میر برکت علی خاں کے احترام میں حکومت کو تعطیل کا اعلان کرنا چاہیئے تھا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حیدرآباد میں آصف ثامن کی یاد میں بند نہیں منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے خوف سے کے سی آر نے عام تعطیل کے اعلان سے گریز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس رویہ سے اہل حیدرآباد کو تکلیف پہنچی ہے۔ حیدرآباد کی ترقی کیلئے آصف جاہی سلاطین نے غیر معمولی اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام آصف جاہی خاندان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ملک کی جدوجہد آزادی سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ بی جے پی عوام کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔ مودی حکومت کا ریموٹ کنٹرول آر ایس ایس کے ہاتھ میں ہے۔ ر

ارکان اسمبلی خریدی معاملہ میں بی جے پی قائد بی ایل سنتوش کو بچانے کیلئے سی بی آئی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ر