ملک بھر میں عید الفطر سادگی سے منائی گئی

,

   

نئی دہلی 26 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر میں پیر کو عید الفطر انتہائی سادگی اور خشوع و خضوع کے ساتھ منائی گئی ۔ کورونا وائرس کے لاک ڈاون کے دوران مساجد میں نماز عید الفطر کی ادائیگی نہیں ہوسکی اور عوام نے گھروں میںہی نماز کی ادائیگی کو ترجیح دی ۔ ملک بھر میں عیدگاہوں اور بڑی و تاریخی مساجد میں بھی عید الفطر کا کوئی بڑا اجتماع نہیں ہوسکا اور تقریبا ہر شہر میں انتہائی سادگی کے ساتھ عید الفطر منائی گئی ۔ لوگوں نے حالانکہ ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی لیکن اس میں بھی سماجی فاصلوں کا پورا خیال رکھا گیا اور عید الفطر کی دعوتوں وغیرہ سے بھی اجتناب کیا گیا ۔ دہلی کی تاریخی جامع مسجد میں بھی نماز نہیں ہوسکی ۔ مختلف ریاستوں سے موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ عوام نے علماء کی اپیلوں اور لاک ڈاون کے پیش نظر گھروں پر ہی نماز عید ادا کرنے کو ترجیح دی اور دن میں بھی گھروں میں ہی رہے ۔