لوک سبھا میں ناما ناگیشور راؤ کا مطالبہ، ریاستی حکومتوں سے مشاورت کے ذریعہ جاب میلے منعقد کرنے کی تجویز
حیدرآباد۔/13ڈسمبر، ( سیاست نیوز) لوک سبھا میں بی آر ایس کے پارلیمانی لیڈر ناما ناگیشور راؤ نے ملک میں بیروزگار نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی کیلئے مرکز کی جانب سے جاب میلوں کے انعقاد اور اس کی حکمت عملی پر وضاحت طلب کی ہے۔ ناما ناگیشور راؤ نے تحریری طور پر حکومت سے سوال کیا کہ جاب میلوں کے انعقاد کے ذریعہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا کیا منصوبہ ہے اور اس سلسلہ میں کیا اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کی فراہمی کیلئے ریاستی حکومتوں سے مشاورت کرتے ہوئے کس طرح کی منصوبہ بندی تیار کی جائے گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ جاب میلوں کا انعقاد بیروزگار نوجوانوں کیلئے کس حد تک فائدہ مند ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے اُتر پردیش کے علاوہ ہر ریاست کیلئے مرکزی حکومت کی حکمت عملی کی تفصیلات جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے گذشتہ چند برسوں میں روزگار کی فراہمی سے متعلق تفصیلات پیش کرنے کی خواہش کی۔ گذشتہ پانچ برسوں میں ملک میں منعقد کئے گئے جاب میلوں کی تفصیلات طلب کی گئیں۔ مرکزی وزیر لیبر رامیشور نے جواب میں کہا کہ ریاستی حکومتوں سے مشاورت کے ذریعہ مختلف محکمہ جات میں تقررات کیلئے جاب میلے منعقد کئے جارہے ہیں۔ کیریئر کونسلنگ، ووکیشنل گائیڈنس، اِسکل ڈیولپمنٹ جیسی کوچنگ فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماڈل کیریئر سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں تاکہ نوجوانوں کی رہنمائی ہو۔ حکومت نے ملک بھر میں 370 ماڈل کیریئر سنٹرس کے قیام کو منظوری دی ہے۔ ناما ناگیشور راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے روزگار کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا اور اس پر سنجیدگی سے عمل آوری کی ضرورت ہے۔ر