ملک میں انٹرنیٹ خدمات کے نئے دور کا آغاز

,

   

وزیر اعظم مودی نے بٹن دباکر5G‘ سرویس کا افتتاح کیا‘ عوام میں جوش وخروش
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی کے پرگتی میدان میں انڈین موبائل کانفرنس (آئی ایم سی) کے چار روزہ پروگرام کا افتتاح کیا اور اس کے بعد ملک میں 5 جی موبائل خدمات کا آغاز کر دیا گیا۔ یہ ہندوستان کیلئے ایک خاص لمحہ ہے۔ ہندوستان ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گیا ہے۔ یہ آئی ایم سی کا چھٹا ایڈیشن ہے، اس کی تھیم ’نیو ڈیجیٹل ورلڈ‘ ہے۔ اس دوران وزیر اعظم مودی نے ٹیلی کام آپریٹروں سے بھی گفتگو کی۔ہندوستان پر 5G کا کل اقتصادی اثر 2035 تک 450 بلین امریکی ڈالر تک ہونے کا اندازہ ہے۔ 4جی کے مقابلے میں، 5جی نیٹ ورک کئی گنا تیز رفتار دیتا ہے اور بلا رکاوٹ خدمات فراہم کرتا ہے۔ یہ اربوں منسلک آلات کو حقیقی وقت میں ڈیٹا کا اشتراک کرنے کے قابل بھی بناتا ہے۔ایک سرکاری ریلیز کے مطابق 5 جی ٹیلی کام نیٹ ورک سے موبائل ڈیٹا کا بہاؤ کئی گنا تیز ہو گا اور لوگوں کو عالمی معیار کی قابل اعتماد مواصلاتی سہولیات میسر ہوں گی۔ 5 جی ٹیکنالوجی توانائی کی کارکردگی اور اسپیکٹرم اور نیٹ ورک کے استعمال کو بہتر بنائے گی۔اس دوران مودی نے اسے نہ صرف لانچ کیا بلکہ تجربہ بھی کیا۔ انہوں نے جانا کہ اسے کس طرح استعمال کیا جائے گا۔ 5جی کی رفتار 4جی سے 10 گنا زیادہ ہوگی۔ اسے بہتر آواز کے معیار اور کنیکٹیویٹی کے ساتھ لایا گیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ٹیکنالوجی کی دنیا سے تعلق رکھنے والوں، نوجوان دوستوں اور اسٹارٹ اپ دنیا سے اس بھر پور استفادہ کی درخواست بھی کی ہے۔‘‘ مودی نے کہا کہ 5G کے آغاز سے ٹکنالوجی کے ساتھ ملک کی معیشت میں بھی اضافہ ہوگا اور روزگار کے بڑے پیمانے پر مواقع فراہم ہوں گے ۔ 5G کے آغاز کے بعد عوام خاص طور پر نوجوانوں میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا جن کا کہنا ہے کہ اس سرویس سے ان کی پڑھائی میں بھی آسانی ہوگی ۔5G سرویس 13 شہروں میں لانچ کی جائے گی ۔ 5G اگلے چند برسوں میں پورے ملک کا احاطہ کرے گی۔