ملک میں اومی کرون کے کیسیس میں تیزی سے اضافہ

   

متاثرین کی تعداد 422 سے تجاوز، دہلی۔مہاراشٹرا سر فہرست

نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کے کیسز میں لگاتار اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اومی کرون کے معاملوں کی مجموعی تعداد 422 ہو گئی ہے۔ مہاراشٹرا اور دہلی میں اومی کرون کے سب سے زیادہ بالترتیب 108 اور 79 معاملوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ دریں اثنا اومی کرون کے 422 مریضوں میں سے 130 مریض شفایابی حاصل کر چکے ہیں۔ادھر، ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے اتوار کے روز جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 6987 نئے معاملوں کی تصدیق کی گئی۔ اس دوران 7091 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 162 افراد کی جان چلی گئی۔اومی کرون کے خدشات کے پس منظر میں وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز قوم سے اپنے خصوصی خطاب میں تین بڑے اعلانات کیے۔ انہوں نے بتایا کہ اب 15 سے 18 سال کے بچوں کو کورونا کی ضروری ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے فرنٹ لائن ورکرز، ہیلتھ ورکرز اور 60 سال سے زیادہ عمر کے شدید بیمار لوگوں کو بوسٹر ڈوز دینے کا بھی اعلان کیا۔