ملک میں بی جے پی کا واحد متبادل بی آر ایس بن سکتی ہے

   


کے سی آر کو اقلیتوں کی تائید، صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کا بیان

حیدرآباد۔/11ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی و سابق رکن قانون ساز کونسل جناب محمد سلیم نے قومی سطح پر عوام کی خدمت کیلئے بی آر ایس کی تشکیل پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کے علاوہ وزیر فینانس ہریش راؤ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گذشتہ آٹھ برسوں کے دوران بی جے پی حکومت سے عوام عاجز آچکے ہیں اور انہیں متبادل کی تلاش ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئی ریاست کے باوجود محض آٹھ برسوں میں ترقی اور فلاحی اقدامات میں نمبر ون ریاست کا موقف حاصل کرلیا ہے۔ ملک کی کئی ریاستوں میں تلنگانہ کی اسکیمات کو اختیار کیا جارہا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ کی اسکیمات کو ملک بھر میں جاری کرنے کے مطالبہ کے پیش نظر کے سی آر نے ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ ملک کی کئی ریاستوں سے بی آر ایس کے حق میں عوامی تائید حاصل ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ملک بھر میں تلنگانہ کی طرح ترقی اور فلاحی اقدامات کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ کئی علاقائی اور قومی پارٹیوں کی جانب سے بی آر ایس کا خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ انتخابات میں بی آر ایس کو عوام کی والہانہ تائید حاصل ہوگی اور مرکز میں بی آر ایس زیر قیادت حکومت قائم ہوگی۔ محمد سلیم نے کہا کہ نہ صرف تلنگانہ بلکہ ملک بھر کی اقلیتوں کی کے سی آر کو تائید حاصل ہے۔ر