ملک میں سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ

   

دس گرام سونے کی قیمت 69640 روپے‘مزید اضافہ کا امکان
نئی دہلی: ہندوستان میں سونے کی قیمت چہارشنبہ کو ایم سی ایکس (ملٹی کموڈٹی ایکسچینج) پر 69640 روپے فی 10 گرام کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق سونے کی قیمت میں یہ اضافہ وسطی ایشیا میں بڑھتے ہوئے جغرافیائی سیاسی تناؤ اور روس یوکرین جنگ کے درمیان محفوظ سرمایہ کاری کی طلب میں اضافے کی وجہ سے ہوا ہے۔بین الاقوامی مارکیٹ میں صبح کے کاروبار میں 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 2283.76 ڈالر فی اونس پر رہا جو پہلے سیشن میں 2288.09 ڈالر کی بلند ترین سطح کو چھو چکا تھا۔ رواں سال اب تک سونے کی قیمت میں 10.8 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے اور مسلسل ساتویں دن اضافہ درج کیا گیا۔کاما جیولری کے بانی اور ایم ڈی کولن شاہ نے کہا کہ سونے کی قیمت آج ایک نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ آنے والے دنوں میں بھی اس کی قیمت میں اضافہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ سونے کی قیمت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ امریکی فیڈ کی جانب سے شرح سود میں کمی ہے۔ اس وجہ سے لوگ سونے میں سرمایہ کاری کو محفوظ سمجھتے تھے۔چین کی قیادت میں مرکزی بینک بھی بڑی مقدار میں سونا خرید رہے ہیں جس کی وجہ سے بھی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ ایم کے ویلتھ مینجمنٹ کے ریسرچ کے سربراہ جوزف تھامس نے بھی کہا ہے کہ مستقبل قریب میں سونے کی قیمت میں اضافہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ خیال رہے کہ سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ درج کیا جا رہا ہے اور اس کی قیمت 77664 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔