ملک میں سیکولرازم اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے عوام متحد ہوجائیں: سیتا رام یچوری

   


رنگا ریڈی ضلع میں آنجہانی جئے پال ریڈی کے مجسمہ کی نقاب کشائی، ریونت ریڈی ، سکھیندر ریڈی اور دیگر قائدین کی شرکت

حیدرآباد ۔30 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد اور سابق مرکزی وزیر آنجہانی ایس جئے پال ریڈی کو مختلف جماعتوں کے قائدین نے زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ رنگا ریڈی ضلع کے مڈوگولا موضع میں جئے پال ریڈی کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی گئی ۔ سی پی ایم کے قومی جنرل سکریٹری سیتارام یچوری اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ بعد میں جلسہ عام منعقد ہوا جس میں صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی ، رکن راجیہ سبھا ایم وی کرشنیا اور مختلف سیاسی اور سماجی قائدین نے شرکت کرتے ہوئے آنجہانی جئے پال ریڈی کی عوامی خدمات کو یاد کیا۔ سیتارام یچوری نے اس موقع پر کہا کہ وہ زمانہ طالب علمی سے جئے پال ریڈی کو قریب سے جانتے ہیں اور ان کے مجسمہ کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کا وہ اپنے لئے اعزاز تصور کرتے ہیں۔ جئے پال ریڈی نے ریاستی اور قومی سطح پر خدمات کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ وہ ہمیشہ اصول پسند سیاست پر کاربند رہے۔ تمام سیاسی جماعتوں میں ان کا احترام کیا جاتا تھا۔ سیتا رام یچوری نے کہا کہ ملک میں دستور اور جمہوریت پر حملے کئے جارہے ہیں اور ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان اداروں کا تحفظ کرے۔ سیتا رام یچوری نے سیکولرازم اور جمہوریت کے فروغ کے لئے عوام کو جدوجہد کرنے کا مشورہ دیا ۔ ریونت ریڈی اپنے خطاب میں کہا کہ جئے پال ریڈی سیاست سے ماورا شخصیت تھے اور ہر کوئی ان کا احترام کرتا تھا ۔ مرکزی وزیر کی حیثیت سے جئے پال ریڈی نے مڈوگولا موضع کی ترقی کے لئے کئی اقدامات کئے ۔ کلواکرتی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے ذریعہ علاقہ میں آبپاشی اور پینے کے پانی کی ضرورتوں کی تکمیل کی گئی ۔ جئے پال ریڈی نے کئی سرگرم قائدین کو تیار کیا ہے ۔ حیدرآباد میں میٹرو ریل پراجکٹ کی منظوری میں جئے پال ریڈی کا اہم رول ہے ، لہذا میٹرو ریل کو جئے پال ریڈی سے موسوم کیا جائے ۔ تقریب میں جماعتی وابستگی ہوکر کئی قائدین شریک ہوئے ۔ اس موقع پر جئے پال ریڈی کے ارکان خاندان بھی موجود تھے۔ر
ہے۔ر