ملک میں عام آدمی کا جینا مشکل ، پٹرول قیمتوں میں اضافہ بوجھ

,

   

پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف آٹو رکشہ رسی سے کھینچ کر ششی تھرور کا انوکھا احتجاج

تھرواننتاپورم : کانگریس کے لیڈر ششی تھرور نے کہا کہ ملک میں عام آدمی کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ معیشت سے پریشان عوام پر پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے ذریعہ مزید بوجھ ڈالا گیا ہے۔ جمعہ کے روز ملک میں پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں ہو رہے بے تحاشہ اضافہ کے خلاف آٹو رکشہ کو رسی سے کھینچ کر دلچسپ انداز میں مظاہرہ کیا۔ تھرور نے اپنے حلقہ انتخاب میں سڑکوں پر اترے سینکڑوں آٹو رکشہ ڈرائیوروں کی قیادت کی۔ انہوں نے علامتی طور پر بڑھتے ہویے پٹرول اور ڈیزل کے داموں کے خلاف احتجاج درج کرنے کے لیے تھری ویلر گاڑی کو رسی سے کھینچا۔ ڈرائیوروں سے مخاطب ہوتے ہویے ششی تھرور نے کہا، ’’عام آدمی کے لیے ایندھن ٹیکس کا بوچھ وبائے جان بنا ہوا ہے۔ ہندوستان اپنے ایندھن پر 260 فیصد ٹیکس کی ادائیگی کرتے ہیں۔ جبکہ امریکہ میں لوگ 20 فیصد ٹیکس ہی ادا کرتے ہین۔ ایندھن کی قیمتوں نے تمام اشیا کے داموں کو متاثر کیا ہے۔‘‘دریں اثنا، پٹرولیم کے وزیر دھرمیندر پردھان کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں تیل قیمتوں میں اضافہ کا سبب بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں ہو رہا اضافہ ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ریاستی حکومت کی جانب سے تیل پر عائد ہونے والی ایکسائز ڈیوٹی پر بھی توجہ مبذول کرائی۔ خیال رہے کہ پٹرول اور ڈیزل قیمتوں کے معاملہ میں اپنی بلند ترین سطح پر برقرار ہیں تاہم گزشتہ تین دنوں سے ان کے داموں میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔ دہلی میں پٹرول اس وقت 90.93 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 81.32 روپے فی لیٹر کی شرح پر دستیاب ہے۔ ممبئی میں پٹرول 97.32 روپے فی لیٹر پر پہنچ چکا ہے، جبکہ یہاں ڈیزل 88.44 روپے فی لیٹر پر فروخت ہو رہا ہے۔ چینائی میں پٹرول 92.90 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 86.31 روپے فی لیٹر جبکہ کولکاتا میں پٹرول 91.12 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 84.20 روپے لیٹر کی قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔